واشنگٹن ڈی سی، 25 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جے پی مورگن کے زیرِ اہتمام سیمینار “پاکستان کی معاشی و مالی پالیسی کا منظرنامہ” میں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ مفید بات چیت کی۔
وزیر خزانہ نے شرکاء کو ملک کی مستحکم معاشی صورتحال سے آگاہ کیا، جس میں دوہرا مالیاتی سرپلس، کئی سالوں کی کم ترین مہنگائی،مضبوط زرمبادلہ کے ذخائر اور مؤثر قرضہ جاتی انتظامات شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان مثبت اشاریوں کے نتیجے میں پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کو فِچ نے بہتر کیا ہے۔
دورانِ گفتگو وزیر خزانہ نے بھارت میں حالیہ دہشت گرد حملے میں سیاحوں کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل اور صورت کی مذمت کرتا ہے۔
سیمینار کے اختتام پر وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔