راولپنڈی،26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، بھارت نے پہلگام کا بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ جعلی مقابلوں میں 1500 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ بھارت جعلی انکاؤنٹر کے ذریعے نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ بھارت نے پہلگام کا بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے لیکن پاکستان ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پاکستان اپنے دریاؤں کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور قوم اپنے حق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے آپس میں کسی بھی طرح کے اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن بحیثیت قوم بھارت کے خلاف متحد و منظم ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ پاکستان خود کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔ ایک لاکھ سے زائد سویلین جبکہ 12 ہزار کے قریب ہمارے فوجی شہید ہوئےاور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں دنیا بھر میں تسلیم کی جاتی ہیں، پاکستان امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وفاقی وزیر نے قومی سلامتی کونسل کی جانب سے عوامی جذبات کی بھرپور ترجمانی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ تجارتی برادری نے آج فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ پاکستان نے عالمی فورم پر مسئلہ فلسطین کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی اداروں میں فلسطین کے حق میں مؤثر آواز بلند کی ہے۔