لاہور، 27 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیرِ صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مدثر نواز اور چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا نے اجلاس میں شرکت کی۔
تمام اسسٹنٹ کمشنرز، منیجنگ ڈائریکٹر واسا سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اجلاس کو لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون 30 جون 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔ڈی سی لاہور نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے تعمیراتی کام دیرپا اور مضبوط ہونے چاہئیں، غیر قانونی تاروں کو ہٹایا جائے اور بکھری تاروں کی منظم کلپنگ کی جائے، ڈی سی لاہور نے کہا کہ تھڑے اور شیڈز کو مسمار کروایا جائے تاکہ گلیوں میں نکھار آئے، ڈپٹی کمشنر لاہور نے واسا کو سیوریج سسٹم کے ترقیاتی کام کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ٹائم لائن، شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دیرپا اور معیاری کام سے شہری لمبے عرصے تک فائدہ اٹھا سکیں گے، ڈی سی لاہور نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔