ملتان۔ 28 اپریل (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو ملتان نے ممکنہ سیلاب سے نبرد ازما ہونے کے لیے ریسکیو سٹیشن انڈسٹریل اسٹیٹ پر عملی مشقوں اور پری فلڈ ڈرائی موک ایکسرسائز انعقاد کیا۔جسکی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر حسین میاں نے کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے بطور مہمان خصوصی پری فلڈ ڈرائی موک ایکسرسائز میں شرکت کی ۔سول ڈیفنس، پولیس، ہیلتھ، لائیو سٹاک، پی ڈی ایم اے ،ایجوکیشن اور تمام لائن ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر ریسکیو 1122، محکمہ ریونیو، ہیلتھ، ایجوکیشن، سول ڈیفنس، لائیو سٹاک، میونسپل کارپوریشن، سوشل ویلفیئر اوردیگر محکموں کی جانب سے ریلیف کیمپس لگائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے تمام کیمپس کا معائنہ کیا اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو1122 ملتان کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ مشقوں کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے ڈوبتے ہوئے افرد کو بچانے کی مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے کہا کہ والینٹیرز کی بغیر معاوضے کے خدمات قابل تحسین ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ ریسکیو والینٹیرز اسی جذبے اور لگن کے ساتھ کام کریں گے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کا ادارہ مختصر عرصے میں اپنی محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی سے اپنی ساکھ قائم کر چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب اور دیگر ایمرجنسیز میں بھی ریسکیو 1122 کے جوانوں کی خدمات قابل تعریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122،سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ ادارے چوکس رہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے کی جانے والی مشقوں میں تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو 1122 ملتان ڈاکٹر حسین میاں کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122اور ضلعی انتظامیہ متوقع سیلاب کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہیں اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 ملتان کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔