پناہ گزینوں کے بحران پر عالمی ردعمل ناکافی اور انتہائی تشویشناک ہے: پاکستان

18

اقوام متحدہ، 29 اپریل (اے پی پی ): پاکستان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر جبری نقل مکانی کا بحران تباہ کن حدوں کو پہنچ چکا ہے، اوردنیا بھر میں 12 کروڑ سے زائد افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں۔

“یہ محض اعداد و شمار نہیں ہیں — بلکہ انسانی زندگیاں، امیدیں اور وہ مستقبل ہیں جو تشدد اور ناانصافی کے ہاتھوں برباد ہو چکے ہیں۔”

پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نےمنگل کو  سلامتی کونسل میں پناہ گزینوں پر منعقدہ اجلاس میں قومی بیان دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ اجلاس سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین، فلپو گرانڈی نے بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات، ظلم و ستم، غیر ملکی قبضے اور گہری ہوتی ہوئی عدم مساوات جیسے عوامل پناہ گزینوں کے بحران کو مزید شدید بنا رہے ہیں، اور یہ انسانوں کو امید کے سہارے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کر رہے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے نشاندہی کی کہ جبری نقل مکانی کے بڑھنے کے باوجود عالمی ردعمل غیر مساوی، غیر منصفانہ اور انتہائی ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک، جو خود بھی سماجی و معاشی چیلنجز سے نبردآزما ہیں، اس بوجھ کا سب سے زیادہ سامنا کر رہے ہیں۔

افغانستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ وہاں دہائیوں سے جاری تنازعات، اقتصادی تباہ حالی اور عدم تحفظ نے دنیا کے طویل ترین پناہ گزین بحرانوں میں سے ایک کو جنم دیا ہے۔