اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی):ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ ) کانفرنس 2025 میں شریک کاروباری شخصیت زوہیر خالق نے کہا ہے کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہےلیکن اس ٹیلنٹ اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ڈیجیٹل مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔
‘‘اے پی پی’’ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بڑی تعداد میں غیر ملکی افراد اور سرمایہ کار شریک ہیں اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی دلچسپی بھی نمایاں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ،میں نے دنیا کے مختلف ممالک میں کام کیا ہے، اور مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارے پاس دنیا کے بہترین اور باصلاحیت لوگ موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ایسے پالیسی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جو ڈیجیٹل رکاوٹوں کو ختم کریں تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ کانفرنس میں جو وژن پیش کیا گیا ہے، وہ حوصلہ افزا ہے، اور امید ہے کہ یہ وژن محض نظریاتی نہ رہے بلکہ عملی اقدامات میں ڈھل جائے۔