اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی):ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس 2025 میں گفتگو کرتے ہوئے واٹس ایپ فنانشل سلوشن ایکسپرٹ سبتین نے کہا کہ پاکستان نے واٹس ایپ بزنس APIs کے ذریعے فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبے میں قابلِ ذکر ترقی کی ہے، جس نے ملک کو انوویشن کے میدان میں نمایاں مقام دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے پاکستان میں واٹس ایپ بینکنگ، واٹس ایپ پیمنٹس، اور لائلٹی سسٹمز جیسے جدیدحل متعارف کروائے ہیں، جنہیں مختلف بینکوں کے ساتھ مل کر عملی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم مکمل انکرپٹڈ ہے اور فنانشل ڈیٹا بینک کی اپنی دہلیز میں محفوظ ہوتا ہے، جو صارفین کے لیے ایک محفوظ اور جدید حل فراہم کرتا ہے۔
کانفرنس میں بین الاقوامی شرکاء نے پاکستانی انوویشنز پر خوشی کا اظہار کیا۔ سبتین نے بتایا کہ عالمی برادری پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور اس سے پاکستان کی ٹیکنالوجی کی ساکھ مزید بہتر ہو رہی ہے۔