اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی):ترکی کی مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنی “ڈیجی پے” کے اعلیٰ عہدیدار احمد نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیجی پے کا ہیڈ کوارٹر استنبول اور دبئی میں واقع ہے جبکہ پاکستان میں ٹیکنالوجی حب کی تعمیر ان کے بین الاقوامی وژن کا حصہ ہے۔
انھوں نے کہا، “ہم اس وقت اسلام آباد میں اپنی ٹیکنالوجی کا بنیادی ڈھانچہ اور ٹیلنٹ پول تیار کر رہے ہیں۔ اس منصوبے میں جاز، جاز ٹیلیکام، ون لنک اور مشرق بینک جیسے شراکت دار ہمارے ساتھ ہیں۔”
ڈیجی پے کے نمائندے نے کہا کہ پاکستان میں یہ ان کا پہلا اسکیل کا ایونٹ ہے جس میں وہ شریک ہو رہے ہیں،اور اس ایونٹ کی تنظیم، شرکاء کا معیار اور حکومت و ٹیکنالوجی شعبے کی نمائندگی نے گہرا تاثر چھوڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزراء کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اس شعبے میں سنجیدگی سے سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اصل ترقی انسانی وسائل کی سطح پر ہوتی ہے،ان کانفرنسز کا اصل فائدہ یہ ہوتا ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے ملتے ہیں،روابط بنتے ہیں اور پھر وہی روابط عملی منصوبوں میں بدلتے ہیں۔