وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی منصورہ آمد، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات

2

لاہور۔29اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے منگل کے روزمنصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی، سرحدوں کی صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرداخلہ نے حافظ نعیم الرحمٰن کو نیشنل سیکورٹی کونسل کے حالیہ فیصلوں پر بریفنگ دی اور پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے کیے گئے غیر منطقی اقدامات کے تناظر میں پاکستان ہر سطح پر پرامن مگر موثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے قومی موقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے والی بھارتی حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئں۔

دونوں رہنمائوں کے درمیان فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر سازش کے ذریعے خطے کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، تاہم پاکستان کی سیاسی قیادت اور قوم کسی بھی بھارتی جارحیت کے خلاف مکمل یکجان ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ بھی موجود تھے۔