اسلام آباد،30 اپریل(اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے لیے ڈیجیٹل کاروبار کے دروازے کھول چکا ہے اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ساتھ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل بن چکا ہے۔
ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پائیدار اور منافع بخش کاروبار کے لیے سازگار ماحول موجود ہے اور یہ فورم عالمی ٹیکنالوجی نظام اور ابھرتی معیشتوں کے درمیان ایک پل ثابت ہو گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پالیسی سازی، شمولیتی اختراعات(inclusive innovation)، اور بین الاقوامی اشتراک کی راہیں ہموار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل وژن ایک عالمی معیار کا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تعمیر کرنے پر مرکوز ہے جس میں فائبر آپٹک نیٹ ورکس، کلاؤڈ انفراسٹرکچر،اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی توسیع شامل ہے تاکہ پائیداری اور وسعت کو یقینی بنایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ڈیجیٹل تبدیلی ہر شہری اور ہر شعبے کو فائدہ دے۔ اس تناظر میں پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، فِن ٹیک اور ای ـ کامرس جیسے ابھرتے شعبے تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے ملک کی نوجوان آبادی کو ڈیجیٹل سروسز کی برآمدات اورپاکستان کی معاشی حکمتِ عملی کا مرکزی ستون قرار دیا۔