اسلام آباد،30 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی تمام سازشیں ناکام بنائی گئیں، قوم متحد ہو کر ترقی کے سفر میں شامل ہو، نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرضے دیے جا رہے ہیں۔
آج ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری بہادر افواج سرحدوں پر موجود ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ دشمن نے کلبھوشن جیسے ایجنٹ بھیج کر ملک میں دہشتگردی پھیلانے کی کوشش کی، لیکن ہمارے سکیورٹی اداروں نے ہر سازش کو ناکام بنایا۔
رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے دورے کر رہے ہیں تاکہ یوتھ پروگرام سے متعلق آگاہی فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور بھارت کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت کو بھرپور جواب دیا گیا ہے اور اگر کسی نے دوبارہ شرارت کی تو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔
مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔