راولپنڈی،30 اپریل (اے پی پی): پاکستان اورسری لنکا کے درمیان دفاعی معاملات پربات چیت کا پانچواں دور28-30اپریل2025ء کو وزارت دفاع راولپنڈی میں منعقد ہوا،پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع، لیفٹیننٹ جنرل محمد علی (ریٹائرڈ) جبکہ سری لنکن وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع، ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) سمپتھ تھیویاکونتھا کر رہے تھے۔
دفاعی معاملات پرگفتگو کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون کے موجودہ دائرہ کار کا جائزہ لیا گیااور اے ایف ڈی ڈی کی چھتری کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی اور دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام شعبوں میں دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دفاعی معاملات پربات چیت کا اگلا دور 2026 ء میں سری لنکا میں منعقد ہوگا۔