اسلام آباد، 1 مئی(اے پی پی): منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) عاصم کھچی نے یوم مزدور کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین ٹریڈ یونین کے عہدیداران کا چناؤ ایسے افراد کو کریں جو وہاں کے ملازمین اور انتظامیہ کے تمام مسائل سے باخبر ہوں اور ان کا حل اچھی طرح جانتے ہوں۔ کسی بھی ادارے کی ٹریڈ یونین کو ملازمین اور ان کے اصل مسائل کا ادراک ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی صنعت کی انتظامیہ اور سربراہ کے دفتر کے دروازے ملازمین کےلئے ہمیشہ کھلے ہونے چاہیئے۔ عاصم کھچی نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کے ادارے اصل سوشل مسائل پر زیادہ توجہ نہیں دیتے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) بطور سرکاری نیوز ایجنسی اپنے ویڈیو سیکشن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سوشل ایشو کو اجاگر کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل نجی میڈیا میں وہ دکھایا جاتا ہے جو بکتا ہے، پالیسییاں بنانے والے سوشل مسائل زیادہ اجاگر اپنی ترجیحات پر نہیں رکھتااور ہمارا میڈیا سیاسی ایشو پر زیادہ توجہ دیتا ہے۔
سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے عاصم کچھی نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا موجودہ دور میں با اثر پلیٹ فارم ہے، جس سے تمام ملازمین و انتظامیہ مستفید ہوتی ہیں۔ٹیکنالوجی کے استعمال سے دور دراز علاقوں میں بھی مسائل اجاگر کیے جا سکتے ہیں اور اثر حاضر کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا پرائیویٹ میڈیا کو بھی ایسے فورمز میں مدعو کرنا چاہیے، اور سماجی مسائل پر خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جانے چاہیے تاکہ عوام کی آواز بااثر آفراد تک پہنچائی جا سکے۔