آئین میں تمام انسانوں کے حقوق برابر ہیں، کسی سے زبردستی کام نہیں لیا جا سکتا, جسٹس جمال مندوخیل

2

اسلام آباد، 1مئی (اے پی پی): سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل نے این آئی آر سی کے زیرِ اہتمام یوم مزدور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں تمام انسانوں کے حقوق برابر ہیں، کسی سے زبردستی کام نہیں لیا جا سکتا۔ مزدور کی دیکھ بھال ان کا خیال اور ان کی  اجرت وقت پر ملنا ان کا حق ہے۔ٹریڈ یونین کا مقصد صرف اور صرف ملازمین کے جائز حقوق کا دفاع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ کیا وہ اپنے کام کے ساتھ انصاف کر رہا ہے یا نہیں۔جلد از جلد انصاف کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے مل کر بیٹھنا مشاورت کرنا کئی مسائل کا حل کئی مسائل کے حل کا اسان راستہ ہے انہوں نے کہا کہ ججز کا کام فیصلہ کرنا ہے انصاف کرنا نہیں کیونکہ انصاف کرنا صرف اللہ کا کام ہے ہم صرف اپنے سامنے دیے گئے دلائل، قوانین اور مواد پر فیصلہ کر سکتے ہیں۔ اس کے باوجود ہم انصاف کرنے کی پوری پوری کوشش کرتے ہیں۔

جسٹس مندوخیل کا مزید کہنا تھا کہ مائنز میں کام کرنے والے مزدور اپنی جان پر کھیل کر اپنے خاندان کا پیٹ پالتے ہیں،۔ لیکن اس کے باوجود وہ صنعتی مزدور یا صنعتی ملازمین کا درجہ حاصل نہیں کر پاتے۔ حکومت کو اس بارے میں قوانین پر غور کرنا چاہیے۔