قانون سازی کے ذریعہ ہمہ گیر ترقی، خواتین کو بااختیار اور ماحول کا تحفظ یقینی بنائیں گے، چیئرمین سینیٹ

6

اسلام آباد،03مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ، تعلیم کی ترویج، توانائی کا فروغ ہماری ترجیحات ہیں ، قانون سازی کے ذریعہ ہمہ گیر ترقی، خواتین کو بااختیار اور ماحول کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ جمعہ کو روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہو ئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل کی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،روٹری انٹرنیشنل ایک صدی پر محیط انقلابی خدمات کی علمبردار تنظیم ہے۔خدمت، امن، صحت، ہم آہنگی اور انسانیت روٹری کا شاندار ورثہ ہے،روٹری انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں ہمدردی اور انسان دوستی کا نیٹ ورک قائم کیا،روٹری کی کامیابی اس کےمسلسل عزم میں ہے ،پاکستان میں روٹری کی خدمات قومی ترقی کے عمل کو تقویت دے رہی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ روٹری کا مشن پاکستان کے قومی وژن سے گہری مطابقت رکھتا ہے۔پولیو کے خاتمے میں روٹری تنظیم کی خدمات لائق تحسین ہیں ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان پولیو سے پاک نہ ہو،روٹری کے پروگرامز نوجوانوں کو رہنما اور جدت پسند بنا رہے ہیں۔چیئرمین سینیٹ  نے کہا کہ میرا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، عدم مساوات کو قریب سے دیکھا ہے،روٹری کا مشن میرے دل کے قریب ہے۔میری وزارت عظمیٰ کے دور میں خواتین کو بااختیار بنانا میرے لئے اولین ترجیح رہی،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز میری قیادت میں ہوا،روٹری اور بی آئی ایس پی کا اشتراک عوامی فلاح کے لیے زبردست موقع ہےاور کہا کہ پولیو کا خاتمہ، تعلیم کی ترویج، توانائی کا فروغ ہماری ترجیحات ہیں ،قانون سازی کے ذریعے ہمہ گیر ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور ماحول کا تحفظ یقینی بنائیں گے،اس طرح کے پروگرام ایک مضبوط اور ہمہ گیر پاکستان کی تعمیر کا سبب بنتے ہیں۔