راولپنڈی، 03مئی (اے پی پی):پاکستان نے ابدالی میزائل نظام کا کامیاب تجربہ کیا ہے، ابدالی میزائل450کلومیٹر تک زمین سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ابدالی ویپن سسٹم کا تجربہ ایکسرسائز انڈس کے دوران کیا گیا، تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل تیاری اور اہم ٹیکنیکل پیرا میٹرزکو جانچنا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق تربیتی تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن اور آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، پاکستان کے اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے کیا۔
صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام مسلح افواج کے سربراہان نے تجربے میں حصہ لینے والے افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی اور پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔











