مسقط، 04 مئی(اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمانی ہم منصب سید حمود بن فیصل البوسیدی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمانی وزیر داخلہ کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلیم گیم سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پاکستان کا موقف بہت واضح ہے اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور ہم خطے میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔بین الاقوامی تنازعات کے حل کیلئے عمان کا کلیدی کردار قابل تعریف ہے۔
اس موقع پر پاکستانیوں کو ویزا کے حصول میں مسائل انسداد منشیات و انسداد سمگلنگ ،پولیس ٹریننگ ، کوسٹل گارڈز کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے سمیت دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ اسلام آباد اور مسقط کو سسٹر سٹیز قرار دینے پر اصولی اتفاق بھی ہوا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے عید پر پاکستانی قیدیوں کے لئے ایمنسٹی پر عمان کے سطان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک عمان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔