نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جنہیں تعلیم، ہنر اور عالمی مواقع فراہم کر کے قومی ترقی میں شامل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، رانا مشہود احمد خان

20

اسلام آباد، 5 مئی(اے پی پی): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جنہیں تعلیم، ہنر اور عالمی مواقع فراہم کر کے قومی ترقی میں شامل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

 آج بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2011 میں لیپ ٹاپ اسکیم اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کا آغاز کیا، جس کے تحت آج بھی طلباء کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ ملتان کے طلباء کو جون تک لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے جبکہ پنجاب بھر کے طلباء کو بھی یہ سہولت جلد مہیا کی جائے گی۔رانا مشہود نے کہا کہ طلباء “ڈیجیٹل یوتھ ہب” پر رجسٹر ہوں تاکہ انہیں عالمی اسکالرشپس، ٹریننگز اور ملازمتوں کے مواقع بروقت حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل اپوزیشن ایوارڈ کے ذریعے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو دنیا سے جوڑا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام ہو چکی ہیں، پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کی، لیکن یہ پروپیگنڈا بری طرح ناکام ہوا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا خواب ایک پرامن اور برابری پر مبنی معاشرہ تھا، قائداعظم نے علی گڑھ کے طلباء کے ذریعے مسلم لیگ کا پیغام گھر گھر پہنچایا۔ 1947 میں قوم نے اپنی آزادی کے لیے قربانیاں دیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

رانا مشہود نے کہا کہ مدارس کے طلباء ترقی کے برابر کے حق دار ہیں، ان کے لیے بھی ٹیکنیکل ایجوکیشن متعارف کروائی جا رہی ہے تاکہ وہ بھی قومی دھارے میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں ٹیلنٹ ہنٹ جاری ہے اور 2028 اولمپکس کی تیاری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہو چکی ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ پاکستان ایک مضبوط اور باوقار قوم ہے جسے کمزور نہ سمجھا جائے۔