ملتان، 05 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانی مراکز پر مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن وچیئرپرسن ملتان تعلیمی بورڈ عامر کریم خان نے امتحانی مراکز کے دورہ کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کو مزید شفاف بنانے اور بوٹی مافیا کو ختم کرنے کے لئے تمام امور کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے.امتحانی سنٹروں میں ناجائز ذرائع اور بدعنوانی کو ختم کرنے کیلئے متعدد سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔بوٹی مافیا محنتی بچوں کی محنت کا دشمن ہے اس کی سرکوبی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ہم سب کا فرض ہے کہ معاشرے کے اس ناسور کی نشاندہی کریں تاکہ امتحانی نظام کو خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔ امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔طلباء کیلئے امتحانات کا شفاف ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے۔ امتحانی مراکز پر پارکنگ اور سیکورٹی کیلئے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے ۔ کمشنر عامر کریم خان نے طلباءو طالبات کو فراہم سہولیات اور امتحانی مٹیریل کا بھی جائزہ لیا ۔