اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت شہر بنانے، ماحول دوست پودے لگانے اور سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائےگی ، چیئرمین سی ڈی

32

اسلام آباد، 05 مئی (اےپی پی): چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت شہر بنانے، ماحول دوست پودے لگانے اور سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائےگی۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے پاک سیکریٹریٹ کے افسران و ملازمین اور سائلین کیلئے پارکنگ کی جگہ کا جائزہ  لینے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو مکمل بریفننگ دی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اس موقع پر  کہا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے جہاں نئی شاہرات اور انڈر پاسسز کی تعمیر، پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے علاوہ ایکسپریس وے، مارگلہ روڈ، کلب روڈ، پارک روڈ اور فیصل ایونیو کو نہ صرف اپ گریڈ کیا جارہا ہے بلکہ ان شاہراہوں پر لین مارکنگ، فٹ پاتھ کی مرمت، میڈین اسٹرپس، گرین بیلٹس اور رائٹ آف وے کو خوبصورت بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام بڑے راؤنڈ آباؤٹس کی تزئین و آرائش، میگا پارکس کی بہتری اور اربن فاریسٹ کے منصوبوں کو پانی اور زمین کی آلودگی کم کرنے کیلئے ترجیح دی گئی ہے۔

چیئر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بتایا گیا کہ تزئین و آرائش اور شاہراہوں کو خوبصورت بنانے کے اس منصوبے کے تحت ماڈل شاہراہوں پر ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کے کام کے ساتھ ساتھ مناسب جگہوں پر موسمی پھول لگائے جائیں گے۔ اسی طرح ان شاہراہوں پر خوبصورت پلانٹرز اور لکڑی کی تختیوں کا استعمال کیا جارہا ہے جسے شہریوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ اسی طرح ان شاہراہوں پر جدید لائٹنگ کا انتظام بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کہ ہر سیکٹر میں پارکس کی مکمل اپ گریڈیشن کی جائے جس میں ٹریکس، جھولے، جدید لائٹنگ اور ہارٹیکلچر کے کام شامل ہوں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ کلب روڈ، فیصل ایونیو، جناح ایونیو، مارگلہ روڈ اور ایکسپریس وےسمیت تمام اہم شاہراہوں پر مستقل بنیادوں پر خوبصورت لائٹس نصب کی جائیں۔