وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی قطر کے  وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات

28

‎دوحہ، 6 مئی(اے پی پی ):   وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاک قطر تعلقات اور دوطرفہ تعاون بڑھانے  پر تبادلہ خیال  سمیت پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت ہوئی۔

‎وزیرداخلہ نے قطر کے وزیر اعظم کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے ٹھوس اور اصولی موقف سے آگاہ کیا اور خطے میں  قیام امن کے لئے پاکستان کے جامع اقدامات کے بارے  میں بریف کیا ۔

‎دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعہ پر بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اقدامات سے  خطے کے امن  کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش پاکستان کے اصولی موقف کو مضبوط کرتا ہے۔ دنیا کو علم ہونا چاہیئے کہ واقعہ کے ماسٹر مائنڈ اور اصل ملزمان کون ہیں اور اس کا بینفشری کون ہے جبکہ بھارت نے اس واقعہ کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے پر وار کیا ہے جو ہمارے لیے لائف لائن ہے  ۔

‎وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ  خطے میں دیرپا امن چاہتے ہیں لیکن جارحیت پر  خاموش نہیں رہیں گے۔

‎قطر کے وزیر اعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی  کے لئے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  ہم خطے میں عدم کشیدگی کی پالیسی کے حامی ہیں، امید  ہے کہ  سفارتی کوششوں سے کشیدگی کم ہو گی۔

‎قطر کے وزیر اعظم نے  وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کے  پیغام  میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف بہت محنت سے پاکستان  کی معیشت کو درست سمت لے کر جارہے ہیں۔