اسلام آباد ، 6 مئی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا
اجلاس میں ممبر ایڈمن، ممبر انجینئرنگ، ممبر پلاننگ، ممبر فنانس سمیت متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں میں اب تک کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کی شاہراہوں، انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی منصوبوں پر ہونے والے کام کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے اور ان کو اعلیٰ معیار، اسٹنڈر ڈاور کوالٹی کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ جِناح اسکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے پر ڈرون فوٹیج کی مدد سے روزانہ کی بنیاد پر نگرانی اور ڈیویلپمنٹ پیش کی جائے گی اور منصوبے کی معیاری تکمیل کو 35 دنوں کی مدت میں یقینی بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ساتھ مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے دیدہ زیب سافٹ لینڈ سکیپنگ اور شجرکاری بھی کی جائے،
منصوبے کو خوبصورت بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جائیں۔
اجلاس کو فیض آباد انٹرچینج کی توسیع پر بریفننگ دی گئی،اس حوالے سے ٹینڈر دستاویزات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور لاگت کا تخمینہ لگایا جاچکا ہے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر بھر میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے 20 اہم گنجان آباد مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے جبکہ ان میں 11 ٹریفک کے رش والے مقامات پر کام جاری ہیں اسی طرح 9 مختلف مقامات پر ٹوپو گرافک سروے بھی مکمل کئے جاچکے ہیں، زیر زمین پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کے قیام اور مناسب واٹر گراؤنڈنگ سسٹم کی منصوبہ بندی پر کام جاری ہے، اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں دیدہ زیب لائٹس کی تنصیب کیلئے تخمینہ مکمل کیا جاچکا ہے، اسی طرح اہم شاہراہوں کی اپ لفٹنگ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ۔











