چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کا غازی یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں

15

ڈیرہ غازی خان، 06 مئی (اے پی پی): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام ، رانا مشہود احمد خان نے غازی یونیورسٹی میں نیشنل ایڈولسینٹ یوتھ پالیسی 2025 کے حوالے سے طلبہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔

رانا مشہود احمد نے کہا کہ نیشنل انووویشن ایوارڈ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اسکالرشپ، روزگار اور دیگر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 32 وائس چانسلرز کو میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیا گیا ہے جنہوں نے صرف پانچ ماہ میں مثبت تبدیلیاں متعارف کروائیں۔ وائس چانسلر کی جانب سے تین سالہ کنووکیشن کا انعقاد بھی قابل تحسین قرار دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 10 لاکھ لیپ ٹاپ پنجاب اور 7 لاکھ وفاق میں دیے گئے، جن کے باعث پاکستانی نوجوان فری لانسنگ کی دنیا میں اپنا مقام بنا رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2013 میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے ذریعے ہزاروں طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ دانش اسکولوں کا نیٹ ورک پورے پاکستان میں پھیلایا جا رہا ہے جبکہ یوتھ پالیسی میں مدارس کے طلبہ کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل یوتھ ہب میں خود کو رجسٹر کریں، جہاں اس وقت دو لاکھ کے قریب ملازمتیں موجود ہیں۔

خطاب میں قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتا ہے، مگر ہم ان عناصر کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے قومی ہیرو کی بدولت ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

رانا مشہود احمد نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علم، صلاحیت اور جذبے سے ملک کا مستقبل سنواریں اور اس قومی مشن میں بھرپور کردار ادا کریں۔