کابینہ کمیٹی برائے ریگولیٹری اصلاحات کا اجلاس

4

اسلام آباد، 06 میئ (اے پی پی): کابینہ کمیٹی برائے ریگولیٹری اصلاحات کا اہم اجلاس منگل کے روز بورڈ آف انویسٹمنٹ کے دفتر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان، وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان، اور وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سمیت متعلقہ وفاقی سیکرٹریز اور وزارتوں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں کمیٹی نے 63 ریگولیٹری اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے پیش کردہ سفارشات کو مکمل اتفاق رائے سے منظور کیا۔ کمیٹی نے متعلقہ اداروں کو ان اصلاحات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ “یہ اصلاحات وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے”۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کا ویژن ملک کی کاروباری کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنا اور کاروبار کو آسان بنانا ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ اصلاحات وزارتوں کی موجودہ پالیسیوں سے متصادم نہیں ہوں گی بلکہ ان میں شفافیت اور سہولت کا عنصر شامل کریں گی۔

 وفاقی وزیر جام کمال خان نے ان اصلاحات کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں ان پر مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

قیصر احمد شیخ نے اجلاس کے اختتام پر بورڈ آف انویسٹمنٹ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ اصلاحاتی عمل کو جلد مکمل کریں تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کا سازگار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔