ملتان، 07 مئی (اے پی پی ):صدر ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب حافظ محمد اسلم نے کہا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے،تمام مکاتب فکر پاک فوج کے ساتھ ہیں۔پوری قوم اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا جانتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔اس موقع پر مفتی زبیر،مفتی ممتاز سمیت سیکریٹری ملی یکجہتی کونسل محمد ایوب مغل،بشارت عباس قریشی اور تمام مسالک کی 27 تنظیموں کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔صدر ملی یکجہتی کونسل نے کہا کہ بھارت نے تاریکی میں حملہ کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ بزدل ہے۔ پاکستان کی فوج پوری دنیا میں ایک مانی ہوئی بہادر فوج ہے اور اس نے رات کی تاریکی میں ہونے والے اس حملے کا بھر پور اور منہ توڑ جواب دیا ہےاور دشمن کے جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ بھارت نے سول آبادی اور مساجد کو ٹارگٹ کیا ہے جو کہ بین الا قوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔حافظ محمد اسلم کا مزید کہنا تھا کہ مسلم دشمنی میں یہود و ہنود اندھے ہوچکے ہیں۔دونوں کے جنگی جنون سے خطے غیر محفوظ ہیں۔پاکستانی قوم نے فلسطینیوں سے بھی مثالی اظہار یکجہتی کیا ہے اور اب ہم بھارتی جارحیت کی بھی مذمت کرتے ہیں۔جس طرح پاک فوج نے بھارت کو دھول چٹائی ہے اسی طرح عوام بھی اپنی فوج کے ساتھ مل کر بھارت کو شکست دے گی۔