لاہور؛ 7 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ مریم نواز کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے داتا گنج بخش ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر ہائوسنگ بلال یاسین، معاون خصوصی ذیشان ملک اور میاں مرغوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزرا نے سنت نگر کے جوہری پارک، احمد چوک اور حاجن سٹریٹ کا معائنہ کیا۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور وزیر ہائوسنگ نے شہریوں سے بھی فیڈ بیک لیا۔ شہریوں نے زبردست خوشی کا اظہار اور مریم نواز زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ وزیر بلدیات نے ڈپٹی کمشنر اور ایم ڈی واسا کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں اور کہا کہ لاہور میں پہلی بار پسماندہ علاقوں کی ترقی کا میگا پراجیکٹ شروع ہوا، وزیراعلیٰ نے 137 ارب روپے کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی منظوری دی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ یومیہ بنیادوں پر پروگرام میں پیشرفت پر بریفنگ لے رہی ہیں، ذیشان رفیق نے کہا کہ گلیوں کو خوبصورت ٹائلز سے بنایا گیا ہے اور پانی کے نکاس کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔
وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو زبردست آسانی ملے گی، سٹریٹ لائٹس، سڑکوں اور پارکوں کی بحالی بھی منصوبے میں شامل ہے، بلال یاسین نے کہا کہ شہریوں کے مثبت فیڈ بیک سے بہت حوصلہ افزائی ہوئی، معاون خصوصی ذیشان ملک نے کہا کہ انشااللہ لاہور کو اگلے 30 سال تک نئی سکیموں کی ضرورت نہیں رہے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ترقیاتی ویژن بالکل واضح اور دوٹوک ہے، وزیراعلیٰ کے ترقیاتی ویژن کو ٹیم ورک سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پروگرام مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے۔