ملتان :سول سوسائٹی،مختلف تنظیموں، سیاسی جماعتوں اور کسانوں کی جانب سے  یکجہتی ریلی کا اہتمام،بھارتی جارحیت کے خلاف اتحاد کا عملی مظاہرہ

13

ملتان۔ 07 مئی (اے پی پی):ملتان میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کےلئے بدھ کے روز سیاسی جماعتوں ،محنت کشوں،کسانوں ،سول سوسائٹی و دیگر جماعتوں کی جانب سے ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ریلی کچہری چوک سے شروع ہوئی اور گھنٹہ گھر چوک پر اختتام پزیر ہوئی ۔

اس موقع پر وکلاء، اساتذہ ،ضلعی ادارے،طلباء  تاجروں اور شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا اور بھارت کو یہ باور کرایا کہ پاکستانی قوم کسی بھی محاذ کےلئے  اپنی فوج کے شانہ بشانہ تیار ہے۔شرکاء نے پلے کارڈز  اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ مسلم لیگ( ن ) کے رہنما طارق رشید،ملک غفار ڈوگر،ڈاکٹر اختر ملک،جاوید انصاری ،پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر،رکشہ یونین کے صدر ظفر اقبال،ضلعی انتظامیہ اور اداروں کے سربراہوں اور شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی جب گھنٹہ گھر پہنچی تو شرکاء کا جوش دیدنی تھا۔چوک پر مودی کے پتلے جلائے گئے اور پاکستان زندہ باد ،پاک فوج ہماری شان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔مسلم لیگ نون کے رہنما طارق رشید کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر پاکستانیوں کے دل جیتے ہیں،یہ قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔

پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ تمام کسان اور کاشتکار افواجِ پاکستان کے ساتھ ہیں،ملتان کے سرکاری ادروں کے سربراہوں اورملازمین نے بھی ریلی میں بھرپور شرکت کی۔ڈائریکٹر کالجز ملتان طاہر سلطان،پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل کریم بخش ،ڈائریکٹر ریکوری واسا عبدالسلام ،سول ڈیفنس کے افسران نے اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ  ملتان کے شہری ہر محاذ پر اپنے ملک کا دفاع کریں گے،ملتان کی غیور عوام اپنی فوج کے ساتھ  ہے۔