بھارت نے کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائیگا، پاک فوج عوام کو مایوس نہیں کریگی، نائب وزیراعظم /وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پریس کانفرنس

5

اسلام آباد۔8مئی  (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت نے کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستانی مطمئن رہیں، پاک فوج عوام کو مایوس نہیں کرے گی، پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کسی بھی شہری علاقے میں کارروائی نہیں کی، بھارت کے پاس سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے کی قانونی گنجائش نہیں ہے، ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے ہرممکن سٹریٹجک احتیاط کا مظاہرہ کیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ  جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو ہماری آرمی، نیوی اور فضائیہ الرٹ ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر حملہ کرکے بھارت نے پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی جان خطرے میں ڈال دی، بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم مطمئن رہے، حکومت اور افواج پاکستان اپنا فرض ذمہ داری سے نبھائیں گی۔

 نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے، پاکستان میں داخل ہونے والے بھارتی ڈرونز پاک فوج نے مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 5 جنگی طیاروں کو مار گرایا جو بھارت سے ہضم نہیں ہو رہا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے کئی ڈرونز نے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی کی اور بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے 5 طیاروں کی تباہی ہضم نہیں ہو رہی ہے، وہ اپنی خفت مٹانے کےلیے یہ حرکتیں کر رہا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی بہن بھائیوں گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، مسلح افواج دفاع کیلئے پرعزم ہیں، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے کامیابی سے 80 بھارتی جنگی طیاروں کا مقابلہ کیا۔