پاکستان کو مضبوط و مستحکم کرنے کیلیے کشمیری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوارالحق

12

مظفرآباد،8مئی(اے پی پی):

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر  چوہدری انوارالحق نے قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت تمام اختلافات کو بھلا کر اتحاد و یکجہتی کا ہے۔ روشن پاکستان کشمیریوں کی امید ہے ، پاکستان کو مضبوط و مستحکم کرنے کیلیے کشمیری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

حکومت نے حالت جنگ میں تمام بجٹ موجودہ حالات سے نمٹنے کیلیے مختص کر دیا ہے ، مسلح افواج پاکستان کے ساتھ کشمیری سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں ،جنرل عاصم منیر کو نیویارک ٹائمز نے مرد آہن کہا وہ ہماری آن اور شان ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آج کے اجلاس کے حوالے سے بھارتی سپانسرڈ اکاؤنٹس سے پروپیگنڈہ کیا گیا کہ قانون ساز اسمبلی کی عمارت کو نشانہ بنایا جائے گا، ہم نے مشاورت کی اور متفقہ فیصلہ کیا کہ اجلاس چلے گا ،ہم پاکستان کیلیے جئیں گے اور پاکستان کی حرمت کیلئے مریں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت نے انٹرنیشنل بارڈر کی خلاف ورزی کی ہے مسلح افواج پاکستان اسکا جواب دیں گی، اگر بھارت نے آبی جارحیت کی اور ہمارے ڈیمز کو نشانہ بنایا تو ڈیم اسکے بھی نہیں بچیں گے۔