اسلام آباد،09 مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان جس طرح ایل اوسی ،ورکنگ باونڈری اوربین الاقوامی سرحد پر ملک کا دفاع اورمقابلہ کررہی ہے ملک اورخطہ کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی،اندرونی معاملات کو قومی اتفاق رائے سے حل کیاجائے گا، دوست ممالک واضح طورپرپاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار کایواے ای ، قطر ،سعودی عرب اورچین کے ساتھ روزانہ کی بنیادپر رابطہ ہوتاہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کامشن سلامتی کونسل اوردیگرفورمز پربھارت کے جارحانہ عزائم کا فعال انداز میں جواب دے رہاہے اوراس کے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں، ایک دوممالک نے ہندوستان کی حمایت کی ہے لیکن بیشترممالک یا تونیوٹرل ہیں یا پاکستان کے موقف کی حمایت کررہے ہیں، ہمارے دوست واضح طورپرپاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،جبکہ ترکیہ ، چین اورآذربائیجان پاکستان کی حمایت میں سامنے آچکے ہیں، مگرہندوستان کے قریب ترین حلیف ممالک بھی ان کے ساتھ نہیں کھڑے ، اسرائیل مسلمان اوراسلام دشمنی میں بھارت کے ساتھ ہیں ۔