اسلام آباد 09 مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس آج بروز جمعہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔
مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور سالمیت کے لئے ہم سب متحد ہیں،دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،مودی دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں بھارتی جارحیت پر جاری بحث کا آغازکرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن سنجے پروانی نے کہا کہ بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے،پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں بشمول ہندو اپنی پوری مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ سنجے پروانی نے کہا کہ مودی اشتعال انگیزی کرکے خطے کے امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے پاکستان امن کا خواہاں ہے اگر بھارت جنگ چاہتا ہے تو ہم بھی پوری طرح تیار ہیں۔
وفاقی وزیرریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی جارحیت پر دشمن کو دندان شکن جواب دیں گے،سرحدوں کے دفاع اور ملکی سالمیت کے لئے پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا ہے،انڈیا کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کی قوم باقی معاملات پر بھلے مختلف رائے رکھتی ہو تاہم سرحدوں کی حفاظت اورملکی دفاع وسالمیت پرپوری قوم متحد ہے اوراس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بری،فضائیہ اور بحری افواج کو کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ اوردندان شکن جواب دیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی صادق میمن نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان نے ایک مضبوط موقف اختیار کیا کہ پہلگام واقعہ میں پاکستان پرالزام ثابت کریں اور اس کے لئے ایک آزادانہ اور شفاف عالمی سطح کی تحقیقات کی پیش کش کی۔
اپوزیشن رکن شاہد خٹک نے کہا کہ اس صورتحال میں ہم نے قومی یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہے جبکہ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ ذمہ دار سیاسی جماعت کا کردار ادا کیاہے،اس ایوان نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی۔
جے یو آئی ف کےرہنماءمولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جس بہادری اورخوبصورت حکمت عملی کے ساتھ ملکی دفاع کیاہے وہ لائق تحسین ہے، یہودوہنود کااتحاد ہمارے قومی بیانیہ کاحصہ ہونا چاہیے، یہ وقت ہے کہ ہم اپنے دفاعی اداروں کومضبوط کریں اوران کے پشت پر کھڑے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے پورے ملک میں آج یوم دفاع وطن کے طورپرمنانے کافیصلہ کیاہے اورتمام مکاتب فکرسے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی جارحیت کی بھرپورمذمت کرے، پاکستان کے موقف کواجاگرکریں اورقوم کومتحدہونے کادرس دیں۔اسی حوالہ سے 11مئی کوملین مارچ ہوگا جہاں پاکستان کے عوام بھرپورطورپراپنی یکجہتی کااظہارکریں گے اورپاکستان کا موقف اجاگرکریں، 15مئی کوکوئٹہ میں ملین مارچ ہوگا جس میں بلوچستان کے عوام یکجہتی کااظہارکریں گے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ افواج پاکستان جس طرح ایل اوسی ،ورکنگ باؤنڈری اوربین الاقوامی سرحد پر ملک کا دفاع اورمقابلہ کررہی ہے ملک اورخطہ کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی،اندرونی معاملات کو قومی اتفاق رائے سے حل کیاجائےگا، دوست ممالک واضح طورپرپاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار کایواے ای ، قطر ،سعودی عرب اورچین کے ساتھ روزانہ کی بنیادپر رابطہ ہوتاہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کامشن سلامتی کونسل اوردیگرفورمز پربھارت کے جارحانہ عزائم کا فعال انداز میں جواب دے رہاہے اوراس کے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔
وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ وتحقیق راناتنویرحسین نے کہاہے کہ مسلح افواج نے بھارت کے عزائم کوخاک میں ملادیاہے، پوری پارلیمان اورقوم افواج پاکستان کے ساتھ ہےاور کہاکہ بھارت کی پاکستان پرالزام تراشی بے بنیاد اورحقائق کے منافی ہے۔