لاہور 10 مئی (اے پی پی): موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے مختلف ہسپتالوں کے دورے کئے اور کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ملک و قوم کی حفاظت کے لئے اپنی بہادر افواج، سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف کے جذبے کی تعریف کی۔ جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے پر صوبائی وزیر نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو شاباش بھی دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہندوستان نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا ہم نے دن کے اجالے میں اسے جواب دیا ہے، دن کی روشنی میں بھارت کو نشان عبرت بنا رہے ہیں، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، سکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی سرگرمیاں یقینی بنائی جائیں گی، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ شہری من گھڑت افواہوں، غیر مصدقہ سوشل میڈیا پیغامات پر ہرگز دھیان مت دیں۔ خواجہ عمران نذیر نے وطن کے محافظوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ آپریشن بُنیانٌ مرصوصٌ ہماری قومی غیرت اور وحدت کی علامت ہے، آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ دشمن کے لیے خوف بن چکا ہے، دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔