ملتان، 11 مئی ( اے پی پی): افواج پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر انجمن تاجران گلگشت کے صدر عارف فصیح اللّہ اور ارشد رضا زیدی کی قیادت میں پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد،پاکستان آرمی زندہ باد اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے صدر عارف فصیح اللہ اور ارشد رضا زیدی نے کہا کہ کے پاکستان آرمی نے بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ افواج پاکستان نے بھارت کی جانب سے بہاولپور،مرید کے اور آزاد کشمیر میں نہتے عوام اور شہریوں کو مزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ بھارتی آرمی اور بھارتی ایئر ڈیفنس نے اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس،سرگودھا ایئر بیس اور شورکوٹ ایئر بیس پر میزائلوں سے حملے کیا تھا۔ بھارتی جارحیت کے خلاف 10 مئی کو پاکستان کی بہادر آرمی،ایئر ڈیفنس اور پاکستان فضائیہ نے بھارتی حملوں کے جواب میں دن کی روشنی میں بھر پور اٹیک کرکے بھارتی آرمی ، ایئر ڈیفنس اور بھارتی فضائیہ کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں بھارتی ڈرون حملے کو پاکستان ایئر ڈیفنس نے فضا میں ہی انٹر سیپٹ کرکے ناکام بنا دیا۔











