وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے بھارتی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے محبوب الہٰی کے آبائی گاؤں جبی (تحصیل فتح جنگ) کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ اسٹیشن کمانڈر اٹک بریگیڈیئر عدنان، وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ذیشان ملک اور سابق ایم پی اے سردار افتخار بھی موجود تھے۔
حکومتِ پاکستان کے وفد نے شہید محبوب الہٰی کی قبر پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام اہل خانہ تک پہنچایا اور کہا کہ قوم اپنے شہدا اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم نے محبوب الہٰی سمیت تمام شہدا کے اہل خانہ اور بچوں کی تعلیم، صحت اور روزگار کی مکمل ذمہ داری ریاست کی طرف سے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جہاں مساجد کو نشانہ بنایا گیا یا شہدا کے گھروں کو نقصان پہنچا، حکومت ان کی تعمیر نو کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے خاندانوں کی خدمت ریاست پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ بلال کیانی نے مزید کہا کہ اللہ کے کرم، قیادت کی قابلیت، افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی یکجہتی کی بدولت پاکستان نے فتح حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو یہ باور کرایا ہے کہ وہ نہ صرف اپنا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
شہید کے اہل خانہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔











