جدہ، 14 مئی، (اے پی پی ):جدہ ایئرپورٹ کے ذریعے سرکاری عازمین حج کی حجاز مقدس آمد کا دوسرا مرحلہ بد ھ کو شروع ہو گیا ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے روٹ مکہ کے تحت اسلام آباد سے براہ راست جدہ آنے والی اولین پرواز کا استقبال کیا۔ ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، چیف کوآرڈینیٹر حج آپریشن ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر مکہ عزیز اللہ خان، قونصل جنرل خالد مجید، سعودی حکام و دیگر افسران نے عازمین حج کو جدہ ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا۔ دوسرے مرحلے میں 31 مئی تک تقریباً 46 ہزار عازمین جدہ کے راستے مکہ پہنچیں گے۔ براہ راست جدہ آنے والے عازمین کرام حج کے بعد مدینہ منورہ روانہ کیے جائیں گے۔