لاہور، 14 مئی (اے پی پی): پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں 10 مئی معرکہ یوم حق کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور دیگر افسران سمیت تمام آفیشلز نے تقریب میں شرکت کی۔ شرکاء نے حالیہ پاک-بھارت جنگ میں پاکستان کی شاندار فتح کی خوشی میں کیک کاٹا اور پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے پاکستان اور افواج کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کی جرات، قربانی اور جذبۂ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص-وطن کے دفاع میں اتحاد، عزم اور قربانی کی روشن مثال ہے۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پاکستان کا کامیاب آپریشن بنیان مرصوص، عزم استقامت اور ایمان کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیر اعظم پاکستان اور پاک فوج نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی عظیم افواج کی قربانیوں اور بہادری پر فخر کرتی ہے۔ فتح صرف میدان جنگ میں نہیں، بلکہ پوری قوم کے حوصلے کی جیت ہے۔ انھوں نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔











