سکھر:حیدرآباد-کراچی موٹر وے اقتصادی لائف لائن کے لیے انتہائی اہم ہے؛ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

10

اسلام آباد،15 مئی(اے پی پی):قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے  وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سکھر- حیدرآباد- کراچی موٹر وے پاکستان کی اقتصادی لائف لائن کے لیے انتہائی اہم ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت بروز جمعرات پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔  قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ اس منصوبے کو ترجیح دی گئی ہے، اس بات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اسے ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا چاہے وہ غیر ملکی فنانسنگ کے ذریعے ہو یا پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں مختص ہو۔

 توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا کہ حکومت سکھر، حیدرآباد اور کراچی موٹر وے منصوبے کی تعمیر کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اگلے پی ایس ڈی پی کا حصہ ہو گا اور اس پر رواں سال کام شروع کر دیا جائے گا۔

 قومی اسمبلی کو یہ بھی بتایا گیا کہ دو سو یونٹ سے کم استعمال کرنے والے اٹھارہ ملین صارفین کی بجلی کی قیمتوں میں گزشتہ سال جون سے چھپن فیصد تک کمی کی گئی ہے۔

 وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ گھریلو صارفین اور کسانوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں مجموعی طور پر بیس فیصد اور صنعتوں کے لیے اکتیس فیصد کمی کی گئی ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان اگلے سال یا ڈیڑھ سال کے اندر خطے میں توانائی کا مقابلہ کرنے والا ملک بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے تین سال تک ملک میں سات ہزار میگاواٹ اضافی بجلی دستیاب ہے۔   انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں صنعتوں کو مزید ریلیف دینے کے لیے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

 پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا بھرپور اور موثر جواب دینے سے پاکستان کا بین الاقوامی امیج نمایاں طور پر بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی کو بہتر بنانے کے لیے متحد ہو کر کوششیں کی جائیں گی۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں ریکارڈ ترسیلات بھیج رہے ہیں اور انہیں مکمل سہولت فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

 پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق نے ایوان کو بتایا کہ خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن کی چیئرپرسن کی تقرری جلد کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن خواتین کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داری سے پوری طرح آگاہ ہے۔  انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری ہیں اور وفاقی، صوبائی اور علاقائی سطح پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کمزور گروپوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ایوان کا اجلاس کل 11بجے تک کے لئیے ملتوی ہوا۔