وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،غیر قانونی امیگریشن اور ہراسانی کے خلاف مربوط اقدامات پر زور

22

اسلام آباد، 15 مئی (اے پی پی): یو کے پاکستان سیریس کرائم اینڈ لا انفورسمنٹ پروگرام (اپسکیل) کے حکام اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران کا ایک اہم اجلاس وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں غیر قانونی امیگریشن، آن لائن ہراسانی، کریمنل ریکارڈ کے تبادلے، غیر قانونی فنڈنگ اور انسداد منشیات کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے کوآرڈینیشن کو بہتر بناتے ہوئے مربوط اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے آن لائن چائلڈ ہراسانی کے واقعات پر فوری اور سخت ایکشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی آن لائن ہراسانی کے تدارک کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیریس اور آرگنائزڈ کرائمز کی روک تھام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی امیگریشن پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔