راولپنڈی، 19 مئی ( اے پی پی): پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راولپنڈی میں اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کی رہائش گاہ پر فاتحہ خوانی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی ہے۔
ائیر چیف نے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ائیر بیس پر دشمن کے حالیہ حملے کے دوران فرض شناسی میں عظیم قربانی دی اور جام شہادت نوش کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے شہید افسر کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ ہمارے شہداء کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ قوم کی یادوں میں نقش رہیں گی اور انہیں غیر متزلزل عقیدت سے نوازا جائے گا۔
انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ بعد ازاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ، پاک فوج کے زخمی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ جنگ کے دوران زخمی ہونے والے شہریوں سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے ان کی حالت کے بارے میں ایک جامع طبی بریفنگ بھی حاصل کی اور زخمی اہلکاروں سے بات چیت کی، انہوں نے مصیبت کے وقت ان کی لچک اور غیر متزلزل حوصلے کو سراہا۔
انہوں نے ہسپتال کے عملے کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو ہر ممکن طبی امداد اور انتظامی تعاون فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے ہر قیمت پر پاکستان کی فضائی سرحدوں کا دفاع کرنے اور ڈیوٹی کے دوران اس کے اہلکاروں کی بہادری اور عزم کی میراث کو برقرار رکھنے کے لئے عزم کا اعادہ کیا۔











