پاکستان نے روایتی جنگ میں اپنی برتری ثابت کر دی، مودی سرکار اب پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گی، انشاء اﷲ قیامت تک نیوکلیئر ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی، وزیراعظم شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

5

مظفرآباد۔22مئی  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معرکہ حق کے دوران آزاد کشمیر میں شہید ہونے والے شہریوں کے ورثاء میں امدادی رقوم کے چیک  تقسیم کئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ بھارت سے 1971ء کی شکست کا بدلہ لے لیا، مودی سرکار اب پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گی، پاکستان نے روایتی جنگ میں اپنی برتری ثابت کر دی، انشاء اﷲ قیامت تک نیوکلیئر ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ حالیہ تاریخ میں مختصر ترین جنگ تھی، آئندہ دشمن پاکستان کو کبھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کرے گا۔

انہوں نے شہداء کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ  بھارتی جارحیت کے خلاف عوام کا جذبہ بے مثال اور دیدنی تھا۔ کنٹرول لائن پر بسنے والوں کا جذبہ بھی قابل تحسین ہے۔  انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ کو شکست نہیں دے سکتا۔ آزاد کشمیر کے لوگ سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت میں گھروں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔