اسلام آباد کا ایک اور منصوبہ 35 روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل، وزیراعظم افتتاح کریں گے

16

اسلام آباد، 22 مئی (اے پی پی): اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبہ صرف 35 روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا گیا ہے جس کا افتتاح وزیر اعظم محمد شہباز شریف جمعہ کو کریں گے۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعرات کو منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فنشنگ ورک رات تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کام کے اعلیٰ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہو گا۔

محسن نقوی نے منصوبے کے دونوں اطراف لینڈ سکیپنگ اور خوبصورت پودے لگانے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ موٹر وے اور مری جانے والے مسافروں کے لیے بڑی سہولت فراہم کرے گا اور اسلام آباد کے شہری سگنل فری اور باسہولت سفر سے مستفید ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو جدید، تیز رفتار اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسفالٹ بچھانے کا کام مکمل ہو چکا ہے اور فنشنگ ورک بھی آج رات تک مکمل کر لیا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور سی ڈی اے کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔