وزیراعظم  شہباز شریف پاکستان- ترکیہ- آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے  آذربائیجان  پہنچ گئے

3

لاچین ،27 مئی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستان- ترکیہ- آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے  آذربائیجان کے شہر لاچین پہنچ گئے۔

لاچین کے ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ  جیہون بیراموف، آذر بائیجان میں تعینات پاکستانی سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف، ترکیہ کے صدر  رجب طیب ایردوان اور آذربائیجان کے صدرالہام علییوف کے ہمراہ پاکستان – ترکیہ ـ آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم پاکستان آذر بائیجان کے صدر  الہام علییوف سے دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔