اسلام آباد,28 مئی (اے پی پی ): پاکستان بھر 28 مئی بدھ کے روز یومِ تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ یہ وہ دن ہے جب 1998 میں چاغی کے پہاڑوں میں ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالمِ اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنا دیا تھا۔یومِ تکبیر صرف ایک یادگار دن نہیں بلکہ پاکستان کی خودمختاری، دفاعی صلاحیت اور قومی غیرت کا استعارہ ہے۔ اس دن کی گونج دشمنوں کو یہ واضح پیغام دیتی ہے کہ پاکستان اپنی آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
2025 میں یہ دن ایک نئے فخر کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مئی کے مہینے میں جہاں یومِ تکبیر کی تاریخی اہمیت ہے، وہیں حالیہ بھارتی جارحیت کا پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب بھی قومی یکجہتی اور عسکری برتری کی تازہ مثال بن چکا ہے۔
افواجِ پاکستان کی جرات اور قربانیوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ قومیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ عزم، اتحاد اور غیرت سے کامیاب ہوتی ہیں۔یومِ تکبیر 2025 کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب، ریلیوں اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ہر پاکستانی کے دل کی آواز آج یہی ہے:
پاکستان زندہ باد! پاکستان پائندہ باد!











