اسلام آباد، 2 جون ( اےپی پی): چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران، ڈی جی پلاننگ، ڈی جی سپیشل پراجیکٹس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ، ڈائریکٹر ڈی ایم اے،ڈائریکٹر ایڈمن، آئی سی ٹی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں/ کوآپرٹیو سوسائٹیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اورغیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تفصیلات اخبارات میں مشہتر کرنے کا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپرٹیو سوسائٹیوں میں پلاٹس کی غیر قانونی ٹرانسفر خصوصاسی ڈی اے کو ٹراسفر فیس جمع نہ کروانے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپرٹیو سوسائٹیوں کو بلڈنگ اور دیگر تعمیراتی میٹریل فروخت کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو تعمیراتی میٹریل کی فروخت سے پہلے متعلقہ سوسائٹی سے لے آوٹ پلان اور این او سی کی منظوری کا لیٹر دیکھنے کے بعد ہی تعمیراتی میٹریل فروخت کیا جائے اورغیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو تعمیراتی میٹریل فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔











