اسلام آباد :رواں مالی سال میں جی ڈی پی کی شرح نمو 2.7 فیصد رہی: قومی اقتصادی سروے GDP

2

اسلام آباد ،09 جون (اے پی پی ):قومی اقتصادی سروے مالی سال 2024-25ء  کے مطابق   رواں مالی سال میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 2.7 فیصد رہی ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر جی ڈی پی کی شرح نمو 2.8 فیصد ہے، پاکستان کی معاشی کارکردگی کو عالمی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ قومی اقتصادی سروے مالی سال 2024-25ء جاری کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ 2023ء میں ہماری جی ڈی پی کی گروتھ منفی رہی جبکہ مہنگائی کی شرح 29 فیصد سے بڑھ چکی تھی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت مہنگائی میں اضافہ کی شرح 4.6 فیصد ہے جبکہ پالیسی ریٹ میں بھی بتدریج کمی کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی شاہراہ پر گامزن ہے اور ملک میں افراط زر کی شرح 4.6 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023ء میں ملک میں دو ہفتوں کے لیے زرمبادلہ موجود تھا تاہم اس کے بعد معاشی بحالی ہوئی جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نگران حکومت کے دور میں کئے گئے اچھے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم کرکے 11 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ آئی ایم ایف پروگرام سے بھی ہمارا اعتماد بحال ہوا ہے۔