مکہ مکرمہ،10 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر براۓ مذہبی امور سردار یوسف نے حج 2025 کامیابی سے مکمل کرنے پر تمام پاکستانی حجاج کرام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا ہے کہ وزیر اعظم کی سربراہی میں حجاج کرام کا سفر روحانی تسکین کا باعث رہا،پاکستان حج مشن ایوارڈ پانے والے سات مشنز میں پہلے نمبر پر آیا ہے، بہترین انتظامات پر سعودی وزارت حج و عمرہ کا ایکسی لینس ایوارڈ پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔
منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر براۓ مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ انتظامات کے لیے تعاون پر خادم الحرمین الشریفین اور سعودی وزارت حج و عمرہ کے شکر گزار ہیں۔انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے 88 ہزار 300 سرکاری حجاج سمیت ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی، حجاج کرام کے لیے رہائش کو زیادہ آرام دہ بناتے ہوۓ صحت کے خطرات کو بھی کم کیا گیا، مشاعر میں حجاج کرام کو ڈی کیٹگری فیس میں بی کیٹگری سہولیات فراہم کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کی صورتحال سے متاثرہ فلائیٹ شیڈول کے دوران بھی پی آئی اے نے ہنگامی حکمت عملی طے کی۔