اسلام آباد،10جون (اے پی پی):حکومت نے آئندہ مالی سال 26-2025کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام(پی ایس ڈی پی ) کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) 67جاری اور 4 نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 2کھرب 26 ارب 98 کروڑ 16 لاکھ 50ہزار روپے کے خطیر فنڈز مختص کئےہیں ۔ منگل کو جاری پی ایس ڈی پی کے اعدادوشمار کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے 4 نئے منصوبوں کیلئے 2ارب 15 کروڑ روپے مختص کئے ہیں ، جس پر لاگت کا تخمینہ 2کھرب 29 ارب 43 کروڑ 40 لاکھ 52 ہزار روپے لگایاگیا ہے ۔ جن میں مشخیل ۔ پنجگور روڈ (191.6کلو میٹر ) کی تعمیر کے غیر منظور شدہ منصوبہ کیلئے 5 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ، جس پر کل لاگت کا تخمینہ 64 ارب 57 کروڑ 71 لاکھ 50 ہزار لگایا گیا ہے ۔ اسی طرح ضلع رحیم یار خان کے علاقے جمال دین ولی کےمقام پر انٹر چینج کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ جس پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب 44کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا ہے ، یہ منصوبہ سی ڈی ڈبلیو پی سے 14 جون 2023 کو منظور ہوا تھا ۔ نئے منصوبوں میں این فائیو فیز ون کےمختلف ترجیحی مقامات چوڑا کرنے اور بہتری کے منصوبوں کیلئے ایک ارب 90 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ،جن کی منظوری لینا باقی ہے ۔ ان منصوبوں پر لاگت کا تخمینہ ایک کھرب 55 ارب 40 کروڑ 84 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔لالہ موسیٰ بائی پاس این فائیو کے غیر منظور شدہ منصوبے کیلئے 10 کروڑ روپے کےفنڈز مختص کئے گئے ہیں ، جس پر لاگت کا تخمینہ 8 ارب روپے لگایا گیاہے ۔ 67جاری منصوبوں کیلئے 2کھرب 24 ارب 83 کروڑ 18لاکھ 50ہزار روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ جن پر اب تک 6کھرب 48ارب 7کروڑ 53لاکھ 93ہزار روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ لاگت کا تخمینہ 32 کھرب 93 ارب 13 کروڑ 87 لاکھ 80 ہزار روپے لگایا گیا ہے ۔ این ایچ اے کے جاری منصوبوں میں سب سےزیادہ رقم انڈس ہائی وے (این 55) ایڈیشنل کیرج وے کامنصوبہ (شکارپور -راجن پور ) 221.9 کلو میٹر کا (ایشیائی ترقیاتی بینک فنڈڈ)کیلئے 8ارب 62 کروڑ روپےمختص کی گئی ہے ۔ اسی طرح این 55 کے ڈی جی خان اور ڈی آئی خان کے حصو ں کو دو طرفہ کرنے اور بحالی کے منصوبے کیلئے 7 ارب 23 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ۔این 55 کے راجن پور ، ڈی جی خان کے حصے کی تعمیر 6 ارب 20 کروڑ روپے ہوشاب -آوران حصہ کی تعمیر کیلئے 6 ارب روپے ، خضدار ۔ کچلاک (این 25) کو دوطرفہ کرنے کیلئے 3 ارب 40 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ۔ جاری منصوبوں میں بلوچستان ،سندھ اور خیبر پختونخوا کی شاہراہوں کی تعمیر ، مرمت ، بحالی ، توسیع اور دوطرفہ کرنے کے متعدد منصوبے شامل ہیں ۔ جن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے فنڈ ز اور این ایچ اے کےوسائل سے تعمیر ہونے والے متعدد منصوبے ہیں ۔