اسلام آباد، 10 جون (اے پی پی(:ممتاز ماہرِ معاشیات اور رکنِ قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ نے کہا ہے کہ ملکی ترقی، خوشحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی ہے جس سے غریب عوام کو ریلیف ملے گا۔
اے پی پی سے بجٹ اجلاس کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ صنعتی اور زرعی شعبے میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے، اور حکومت ان شعبوں میں ایسی اصلاحات لا رہی ہے جن کے نتیجے میں نہ صرف قومی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ نوجوانوں کو بھی ان شعبوں کی طرف راغب کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ریونیو میں اضافہ حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے جو معاشی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کی علامت ہے۔ مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ موجودہ خطے کی صورتحال، خاص طور پر بھارتی جاہطلبی اور داخلی و خارجی چیلنجز کے تناظر میں، ملک میں پالیسیوں کا تسلسل اور استحکام ناگزیر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی تمام تر کوششیں عام آدمی کی فلاح، مہنگائی کے بوجھ میں کمی اور معیشت کے استحکام کے لیے ہیں، اور ان پالیسیوں کے تسلسل سے ہی پائیدار ترقی ممکن ہو سکے گی۔











