موجودہ حکومت کے متعدد شعبوں میں قابلِ تحسین اقدامات اٹھائے  ہیں،پی پی پی رہنما نفیسہ شاہ  کی بجٹ اجلاس کے  بعد اے پی پی سے گفتگو

13

 

اسلام آباد،10 جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے آج اے پی پی سے بجٹ اجلاس کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے متعدد شعبوں میں قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں، تاہم پائیدار ترقی اور ملکی معیشت کے دیرپا استحکام کے لیے مزید شعبوں میں توجہ اور عملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے زرعی، صنعتی، اور توانائی کے شعبوں میں جو اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں، وہ قابلِ ستائش ہیں، لیکن ملکی معیشت کی بنیادوں کو مضبوط بنانے کے لیے مربوط اور جامع حکمتِ عملی اپنانا ناگزیر ہے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ جب معیشت کی بنیادیں مضبوط ہوں گی تو ملک نہ صرف اقتصادی استحکام کی جانب بڑھے گا بلکہ اس کے اثرات عام آدمی کی زندگی پر بھی مثبت انداز میں مرتب ہوں گے۔ ان کے مطابق، حکومت کو چاہیے کہ وہ تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی، اور برآمدات کے فروغ جیسے اہم شعبوں کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دیرپا اقتصادی ترقی صرف اسی صورت ممکن ہے جب پالیسی سازی میں تسلسل، شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔