اسلام آباد، 10 جون (اے پی پی): پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری یاسر عرفات بٹ نے کہا ہے کہ بجٹ میں کئی مثبت پہلو شامل ہیں تاہم پانی کے ذخائر کے حوالے سے مزید اقدامات کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ملک میں ساٹھ دن کا پانی ذخیرہ کیا جاتا یے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مجموعی طور پر بجٹ کو ایک اچھا اور مثبت قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع، تعمیرات اور انجنئیرنگ سپورٹ کے لیے فنڈز میں اضافہ قابل تحسین ہے۔
تاہم یاسر عرفات بٹ نے اس بات پر ذور دیا کہ واٹر ریسورسز جیسے اہم مسئلے پر خاطر خواہ فنڈز بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان کا دشمن ملک پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے ہمیں مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم پانی کو ذخیرہ کرنے اور واٹر مینجمنٹ کے منصوبوں پر خاطر خواہ فنڈز مختص کریں تو اس کے کئی مثبت اثرات سامنے آئیں گے، جن میں سستی بجلی کی فراہمی، زرعی شعبے کی ترقی اور صنعتوں کی بحالی شامل ہیں۔











